وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کے لیے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی کے ایم پی ایز، ایم ایز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے علاقے ملیر، کیماڑی، لیاری اور غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس کے دوران لیاری تا ملیر نیا روٹ شروع کرنے اور لیاری میں چاکیواڑہ اسٹاپ تک پیپلز بس چلانے کی تجاویزپیش کی گئی، اس کے علاوہ ضیاء الدین ہستال تا چاکیواڑہ چوک وایہ بلاول چورنگی، 26 اسٹریٹ، گزری لین، سی ایم ہاؤس، سلطان آباد، ماڑیپور روٹ کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں ایم پی ایز اور ایم نے ایز اپنے اپنے حلقے میں نئے روٹس شروع کرنے کے حوالے سے تجاویز دیں، جبکہ پیر سے ہاکس بے تا صدر اور منگھوپیر تا بنارس بعد از سروے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ملیر تا لیاری ریڈ بس اور ملیر کے ڈی اے موڑ غریب آباد سے یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤن تک پنک بس سروس چلانے کی بھی تجاویزدی گئیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی توسیع پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جبکہ عوام کو قابل رسائی، موثر اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے یہ بھی کہا کہ ہمارا مقصد ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنا اور عوامی نقل و حمل کے قابل بھروسہ حل پیش کرنا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو بڑھا کر آسان سفر کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید یہ بھی کہا کہ کراچی کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل ترقی اور جدت کے لیے پرعزم ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو عوامی ضروریات کے مطابق چلانے کے لئے ہمارے منتخب نمائندگان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
واضح رہے کہ اجلاس میں ایم این ایز قادر پٹیل، آغا رفیع اللہ، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم پی ایز سلیم بلوچ، یوسف بلوچ، یوسف مرتضیٰ، راجا عبدالرزاق، لیاقت آسکانی، شازیہ سنگھار اور دیگر شریک تھے۔



















