Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم آج چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے

بیجنگ: وزیر اعظم محمد شہباز شریف آج بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

چینی سیاسی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم چینی صدر عزت مآب شی جنپنگ اور چینی ہم منصب، پریمئیر لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین زہاو لیجی سے بھی ملاقات ہوگی۔

وزیرِ اعظم چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ چین کے دورے کے دوران وزیر اعظم اور وزیرخزانہ کی 60 کروڑ ڈالر قرض کے لیے چینی بینکوں سے بات چیت متوقع ہے۔

کمرشل بینک چائنہ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک سے 60 کروڑ ڈالر قرض کے لیے بات کی جائے گی، دونوں چائینیز بینکوں سے رواں مالی سال 60 کروڑ ڈالر قرض حاصل کرنے کے لیے بات چیت کی گئی تھی جو کہ ناکام رہی۔

وزیر اعظم اور وزیرخزانہ چائینیز بینکوں  سے قرض فراہمی کے لیے سخت شرائط ختم کرنے کی درخواست کریں گے جبکہ بینک آف چائنہ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک سے 60 کروڑ ڈالر کے لیے چین کی جانب سے سخت شرائط عائد تھی۔

چینی بینکوں کی جانب سے نئے قرض کے لیے چائینیز آئی پی پیز کی ادائیگیوں کے شیڈول کی شرط عائد تھی، جبکہ دونوں چائینیز بینکوں کی جانب سے 8 فیصد تک بلند شرح سود پر قرض کے لیے بھی شرط عائد کی گئی تھی۔

حکومت پاکستان جولائی 2023 سے اس قرضے کے حصول کے لیے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ 60 کروڑ ڈالر کا قرض اب آئندہ مالی سال کے لئے حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

متعلقہ خبریں