Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے کہاں عید کی نماز ادا کی؟

ملک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، دن کے آغاز پر ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں عید گاہوں، پارکس، کھلے مقامات اور مساجد میں عید الضحیٰ کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جس میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے مختلف شہروں میں عید کی نماز ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز عید ادا کی، ادائیگی کے بعد انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔

 نماز کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نمازیوں سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔

صدر مملکت آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید کی نماز زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ادا کی، نماز کے بعد انہوں نے ملكی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعا کی۔

صدر آصف زرداری عید نماز کے بعد لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید الاضحی ادا کی جبکہ اس دوران حسین نواز، حسن نواز اور دیگر عزیز واقارب نے بھی نواز شریف کے ساتھ تھے۔

نماز عید کے بعد عوام کی خوشحالی و ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں، جس کے بعد نواز شریف عزیزو اقارب اور کارکنوں سے عید ملے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی، نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار اور علی حسن زرداری سمیت شہریوں نے نماز عید میں شرکت کی۔

اس کے علاوہ مسلم ممالک کے سفارتکار اور دیگر معززین شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔

گورنر سندھ نے مسلم ممالک کے سفارتکاتوں کو عید کی مبارکباد دی اور شہریوں سے عید ملے۔

خالد مقبول صدیقی

 ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے بھی گورنر ہاؤس میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔

علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان میں اپنے گھر الامین ہاؤس میں نمازعید ادا کی۔

 سٹی مئیر عمر امین گنڈاپور اور دیگر نے بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ نماز عید ادا کی جس کے بعد  ملک کی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعائیں کی گئیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نمازیوں سے عید ملے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔

متعلقہ خبریں