کراچی سائٹ ایریا باب خیبر کے قریب فیکٹری میں آگ لگ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آگ گارمنٹس فیکٹری میں لگی ہے، فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں تھے۔ آگ نے عمارت کی دوسری اور تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
اس حوالے سے فیکڑی مالکان کا کہنا ہے عید کی چھٹی کی وجہ سے عملہ موجود نہیں تھا البتہ گراؤنڈ فلور پر موجود گارڈز کو با حفاظت نکال لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہوا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، جبکہ مزید فائر ٹینڈرز اور اسنارکل منگوالی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو 1122 کی دو فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو 1122 کی ایک ریسکیو ایمبولینس بھی موجود ہیں۔



















