وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ڈرگ فری پنجاب مہم کے تحت پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں جبکہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 201 چھاپے مارے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مکروہ دھندے میں ملوث 59 ملزمان کو گرفتار، جبکہ 56 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے 24 کلو گرام چرس، 720 گرام آئس، 990 لٹرز شراب برآمد ہوئی ہے، جبکہ 26فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران پولیس ٹیموں نے 31523 چھاپے مارے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ منشیات فروشی میں ملوث 15368ملزمان گرفتار جبکہ 14729 مقدمات درج کیے گئے ہیں اس کے علاوہ ملزمان کے قبضہ سے 8876 کلو گرام سے زائد چرس، 44 کلوگرام آئس، 155کلو ہیروئن، 267 کلو افیون، 1666140 لٹر شراب برآمد ہوئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی میں تیزی لائیں، جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز منشیات کے تدارک کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید یہ بھی کہا کہ سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز ، ڈیلرز اور سپلائرز کو قانون کی گرفت میں لائیں، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔



















