لاہور: فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی عازمین کی آج سے وطن واپسی کا آغاز ہورہا ہے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت تمام نجی ایئر لائنز جدہ اور مدینہ سے حجاج کرام کو آج واپس لائیں گی۔
سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پہلی پرواز آج 150 حجاج کرام کو لے کر ملتان دوسری لاہور اور تیسری اسلام آباد پہنچے گی۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ بعد از حج آپریشن کے لیے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 21 جولائی تک جاری رہے گا، تاہم مجموعی طور 250 سے زائد فلائٹس چلائی جائیں گی۔



















