لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عیدالاضحی کے بہترین انتظامات پر عوامی نمائندوں، انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، بلدیاتی اداروں اور پولیس کو شاباش پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر مسلسل 72 گھنٹے جاری زیروو یسٹ مشن کی کامیابی اشتراک کار کی بہترین مثال ہے، شہروں، قصبات اور بڑے دیہات میں صفائی کے عمل کو بہترین طریقہ سے سرانجام دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ آلائشیں صاف کر کے فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے سڑکیں دھونے کا عمل نئی جدت ہے، عید گاہوں،مساجد اور امام بارگاہوں میں سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش رہے۔
انکا کہنا تھا کہ مویشیوں منڈیوں کے اچھے انتظامات سے خریدار اوربیوپاریوں کے لئے آسانی ہوئی اور صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور ان کی ٹیم نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ نے بھی اپنے فرائض خوب نبھائے، مجھے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے،ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی قریب کے برعکس لاہور صاف ستھرا اور چمکتا دمکتا نظر آیا، صفائی ستھرائی کے لئے شہریوں کا حکومتی اداروں سے تعاون قابل تعریف ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ افسر اور عملہ عوام کی توقعات پر پورا اترا، گرمی کے باوجود زیروویسٹ مشن تندہی سے مکمل کیا گیا، اسی جذبے اور لگن کے ساتھ شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کاعمل جاری رکھنا ہے، پنجاب کے ہر شہر، ہر گاؤں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتی ہوں۔



















