اسلام آباد: بجٹ پر بحث کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔
عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام تقریباً 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا 2 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس کے تحت اسمبلی میں آج سے بجٹ 25-2024 پر بحث کا آغاز ہو گا۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے جبکہ بجٹ اجلاس سے قبل پی پی پی کو راضی کرنے کے لئے وزیر اعظم شہبازشریف اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان بجٹ پر عام بحث کریں گے اور یہ بحث تقریباً ایک ہفتہ جاری رہے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ بجٹ پر عام بحث 24جون تک سمیٹے جانے کی تیاری کی جارہی ہے، بجٹ کی منظوری 28یا 29جون کو پلان کی جارہی ہے، اگلے ہفتے میں بدھ تک سینیٹ کی سفارشات قومی اسمبلی کو بھیجی جاسکتی ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران سینیٹ کی سفارشات قومی اسمبلی کو بھیجی جائیں گی، سینیٹ کی سفارشات میں سے کچھ سفارشات وزیر خزانہ بجٹ میں شامل کرنے کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ پر بحث کی تکمیل کے بعد مطالبات زر کی منظوری اور کٹوتی کی تحاریک پیش کی جائیں گی اور اس دوران ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بجٹ کی منظوری کا عمل 30 جون سے قبل ہر صورت مکمل کرلیا جائے گا، رواں بجٹ تاخیر سے پیش ہونے اور عید کی چھٹیوں کے باعث بجٹ پر ہفتہ اور اتوار کے روز بھی بحث جاری رکھی جائے گی اور بجٹ 2024/25 کی منظوری کے بعد یکم جولائی سے نئے مالی سال کا آغاز ہوجائے گا۔



















