Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان پرامن اور تعاون پر مبنی ہمسائیگی چاہتا ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن اور تعاون پر مبنی ہمسائیگی چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد نے کئی بے مثال سنگ میل حاصل کیے، یہ پاکستان کا پریمیئر تھنک ٹینک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک دور سے نکل کر نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، آج کی دنیا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہو چکی ہیں، آج نہ صرف یورپ میں جنگ ہو رہی ہے بلکہ غزہ میں انسانی نسل کشی بھی جاری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آج انتہائی مشکل سے قائم کیے گئے آرمز کنٹرول ریجیم پروگرام انجام کو پہنچ رہے ہیں، آج کوئی ایک گروہ دنیا کو درپیش مسائل کا حل نہیں تلاش کر سکتا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی کا خواہاں ہے، پاکستان پر امن اور تعاون پر مبنی ہمسائیگی چاہتا ہے، پاکستان پرامن، متحد اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سارک کو بڑی امیدوں اور توقعات کے ساتھ قائم کیا گیا تھا، چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، سی پیک کے 10 برس کی کامیابی کے بعد پاکستان اور چین نے دوسرے مرحلے کے آغاز پر اتفاق کیا، سی پیک کے پہلے مرحلے کو بے جا،بے بنیاد اور بد نیتی پر مبنی الزامات کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں اور چینی منصوبوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں انڈسٹریلائزیشن، ڈیجیٹائزیشن اور عوامی رابطوں کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو تمام بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی اہمیت کا احساس ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ بھی اچھے مستقل اور پائدار تعلقات کا خواہاں ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ 2013 کے بعد سیاسی عدم استحکامِ نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا، قومی اقتصادی ایجنڈے کے ساتھ سیاسی مفادات کے تحفظ کا کھیل نہ کھیلا جائے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونا بڑی کامیابی ہے، سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے پاکستان کو 182 ووٹس ملے۔

متعلقہ خبریں