Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عزم استحکام آپریشن کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عزم استحکام آپریشن کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ہم نے فوجی آپریشن کی مخالفت کی، کوئی بھی فیصلہ ہو اس مسئلے کو ایوان میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہچکچاہٹ کا شکار ہے، یہ ملک استحکام کے لیے آپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، استحکام کے لیے اس ایوان میں ان کو ہونا چاہیے جن کا حق ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج بجٹ کے اسپیشل سیشن میں پارلیمنٹ سے لیکر الیکشن کمیشن تک واک کی، خان صاحب اور بشریٰ بی بی سمیت ہماری بہنوں کی رہائی کے لیے واک کی گئی، ہماری بہنوں کو ایک بار رہائی کے بعد دوبارہ سے گرفتار کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک ہمارے لوگوں کو رہائی نہیں ملتی، یہ صرف 180 پارلیمنٹرینز کی واک نہیں 3 کروڑ ووٹرز کی واک ہے۔

عزم استحکام آپریشن کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے، عمر ایوب

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام آپریشن کا آپریشن کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے، ہم خیبرپختونخوا کے لوگ دہشتگردی کے ستائے ہوئے ہیں، پاکستان کی سرزمین پر اپنے لوگوں پر ملٹری آپریشنز نہیں ہونے چاہیں، معاملہ پارلیمنٹ میں لائیں ان کیمرہ بریفنگ دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دائیں بائیں اصلی ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کھڑے ہیں، ریحانہ ڈار ہماری اس مہم کی آئیکون ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ ہیں، یہ ممبران آج اسمبلی میں ہوتے تو آج حکومت پی ٹی آئی کی ہوتی۔

انکا کہنا تھا کہ جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوتی، چین نے تنبیہ کی کہ پاکستان میں اس وقت سیکورٹی صورتحال کی وجہ سےسی پیک منصوبے خطرے میں ہیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ اس کی تحقیقات کی جائیں کہ ایسا کیوں ہوا، معلوم ہوا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز ہمارے کارکنان کے گھروں میں چھاپے مارتی رہیں، میکسیکو کی عدالتوں کے اوپر بھی وہاں کی انٹیلیجنس ایجنسیز کا دباؤ نہیں۔

خون کے آخری قطرے تک بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں، ریحانہ ڈار

پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار نے کہا کہ میرے حلقے پر نہ صرف پاکستانی بلکہ اورسیز پاکستانیوں کی بھی نظر تھی، میں نے خواجہ آصف کو بری طرح شکست دی، خواجہ آصف اپنے فارم 45 لیکر آئیں ساری دنیا اصلی نقلی کا فرق جانتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ڈرائیں مت میں خون کے آخری قطرے تک بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں۔

جب تک بانی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ نہ ملا ہم ہار نہیں مانیں گے، شوکت بسرا

تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، ہمیں فارم 47 کی مدد سے ہرا دیا گیا، ہمیں نہیں ہرایا گیا عام آدمی کو ہرایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ نہ ملا ہم ہار نہیں مانیں گے، اعجاز الحق قرآن پاک پر حلف دے دیں ہم اپنی پٹیشن واپس لے لیں گے، لوگ ان کو پارلیمنٹ میں نہیں جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں، آج ہماری اصلی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا۔

متعلقہ خبریں