Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انٹرپرینیور شپ کے فروغ کیلئے سازگارماحول پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انٹرپرینیورشپ کے فروغ  کیلئے سازگار ماحول پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھوٹے کاروبار اورانٹرپرینیورشپ میں جدت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کیلئے اقدامات کے عزم کا دن ہے، جبکہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو ترقی دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس کے علاوہ چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت ایم ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور مدد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لوجسٹک سپورٹ، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی  بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ایس ایم ایز صرف اقتصادی ترقی ہی نہیں بلکہ معاشی عدم مساوات کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے، پنجاب میں ایس ایم ایز کے زریعے  روزگار کے بڑے مواقع میسر ہیں۔

 مریم نواز نے کہا کہ ایس ایم ایزکا مینوفیکچرنگ، خدمات، اور تجارت میں متنوع آپریشنز کے ذریعے پنجاب کی جی ڈی پی میں نمایاں شئیر ہے جبکہ ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیت سے غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت زراعت، لائیو اسٹاک، گارمنٹس سمیت ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ زرعی قرضے فراہم کر کے کاشتکاری کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے ترقی کے مواقع سامنے آئیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھا کربین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان بنائی جا رہی ہے جبکہ انٹرپرینیورشپ کے کلچر کے فروغ  کے لیے سازگار ماحول پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ خبریں