اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ پاکستان کی عوام کیخلاف اقتصادی دہشتگردی ہے۔
عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ایک ہٹ مین نے بنایا ہے، حکومت نے تسلیم کیا بجٹ انہوں نے نہیں بنایا ان سے بنوایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے ساڑھے 4 سو ارب کی گندم درآمد کی تھی، گندم درآمد کرنے کے بعد کاشتکاروں سے خریدی ہی نہیں گئی، انہوں نے گندم کی درآمد میں اربوں روپے بنائے، نیب تحقیقات کروائی جائیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے مزید کہا کہ عقل کے اندھے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ افراط زار کم ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیؕرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فنانس بل ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے، حکومت نے سادگی سے متعلق کوئی پلان نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو صرف اس لیے ٹارگٹ کر رہے ہیں کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، پراپرٹیز سے متعلق ترمیم اس بل میں نہیں ہوسکتی، جب تک ایف بی آر کے اسٹرکچر میں تبدیلی نہیں کریں گے ٹیکس بیس نہیں بڑھے گا۔



















