حکومت نے بڑی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 9 اور 10 محرم الحرام کے سلسلے میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں محرم کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے سوا کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔
مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ اس پابندی سے خواتین، 12 سال سے کم عمر بچے، بزرگ شہری، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسران و اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال اور محرم کی مجالس و جلوس کے دوران ڈرونز اڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ داخلہ سندھ نے بغیر اجازت جلوس، مجالس اور تعزیے کے جلوسوں اور نفرت انگیز مواد چھاپنے، اشتہار بنانے، تقریر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔



















