بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ حکام نے غیر ملکی ملازمت کے متلاشیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف درست اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے رابطہ کریں تاکہ وقت، پیسے اور ان کی توانائیوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے صرف 2577 لائسنس درست ہیں جبکہ 5048 سے زائد لائسنسوں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے، غلط اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز میں سے 670 کے لائسنس مختلف بنیادوں پر منسوخ کیے گئے جبکہ 805 کی میعاد ختم ہو چکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ملازمتوں کے تمام متلاشیوں کو تازہ اور درست معلومات حاصل کرنے اور غیر مجاز اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے خود کو بچانے کے لیے باقاعدگی سے بی ای او ای کے آفیشل ویب پیج پر جانا چاہیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 1979 کے امیگریشن آرڈیننس کے تحت ادارے کو ہجرت کو ریگولیٹ کرنے، پاکستانی شہریوں کی ہجرت کو فروغ دینے اور تارکین وطن کے مفاد اور بہبود کا خیال رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے۔



















