Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر خزانہ بتائیں بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا، حافظ نعیم الرحمان

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیر خزانہ بتائیں بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا۔

 امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ خود قربانی دینے کے لیےتیار نہیں، جبکہ ٹیکسوں کابوجھ عام آدمی پر ڈالا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قوم کے بچوں کو جاہل بنایا جارہا ہے، 2کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، جبکہ تعلیم تک کو خاص لوگوں کے لئے بنا دیا گیا ہے۔

 امیرجماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ پولیس کا نظام ملک کے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کررہا، جبکہ اب تعلیم کوبھی برائے فروخت بنا دیاگیا ہے، ملک میں77سال سے پڑھے لکھے جاہلوں کی حکمرانی رہی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اہداف پورےکرنے ہیں تو بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں، غلاموں نے پہلے بھی ڈومورکے نتیجے میں ملک کا بیڑہ غرق کردیا، پاکستان میں دہشت گردی بڑھی، اور یہ ڈومور کا مطالبہ پورا کرتے رہے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کی سمز بندکرکے پاکستان میں افراتفری پیدا کررہے ہیں، جاگیرداروں کی سمز بند کرکے ٹیکس لگائیں توپیسہ جمع ہوجائے گا، اگر پورے پاکستان کی سمیں بند کردیں تو تیس فیصد ٹیکس جمع ہوگا۔

حافظ نعیم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج مہنگائی ملک کا سب سے اہم مسئلہ بن چکا ہے ، امیر لوگ تو باہر چلے جاتے ہیں غریب کہاں جائیں ، بنیادی سہولیات سے محروم طبقات پر ہی ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی ایم ایف دس جولائی سے پہلے پھر بجلی مہنگی کرنے کا کہہ رہا ہے، پہلے پرائی جنگ میں ڈومور ہوتا رہا اب معیشت اور ٹیکس پر ڈومور کہا جارہا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ امرا کے اوپر ڈیڑھ فیصد لگادیں تو عوام سے زیادہ پیسے جمع ہوجائیں گے، جبکہ ٹیکس عوام پر اور ارکان پارلیمنٹ کی مراعات بڑھادی گئی ہیں، اس کے علاوہ سول و فوجی افسران کی جائیدادوں پر ٹیکس ملتوی کیا جارہاہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں، انہوں نے کسانوں سے گندم خریدی نہ سبسٹڈی دی جبکہ اب کپاس کی بیس سے تیس فیصد کم بوائی ہوئی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ تین سو یونٹ تک فری بجلی دینے کے دعوے کرتے تھے، اب دوسو اور تین سو یونٹ فری بجلی والے کہاں ہیں اس کے علاوہ اب پی پی پی مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم عوام کو دھوکہ دینے کے لیے نوراکشتی کررہے ہیں جبکہ عوام تینوں حکمران جماعتوں کو پوری طرح پہچان چکی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زیادہ بولنے والے ہی اس کے وفادار ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے حق دو تحریک شروع کردی ہے اور بارہ جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے جارہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ٹیکسوں کے خلاف عوام کو اپنے ساتھ سڑکوں پر لائے گی، اور ایک دن کا دھرنا نہیں ہوگا ہم بیٹھ جائیں گے، اور ملک بھر سے لوگوں کو دھرنا کے لئے رجسٹر کریں گے ہم تمام طبقات کو دعوت دیں گے۔

 امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج کے حکمران تو اتنے دیدہ دلیر ہوگئے ہیں کہ آئی ایم ایف سے مل کر بجٹ بنانے کا اعلان وزیر اعظم کرتے ہیں اور فارم 47کی پیدوار حکومت عوام دشمن فیصلے کررہی ہے جبکہ تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ ہمارا بھی رابطہ ہے۔

 حافظ نعیم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پارٹیوں کے اندر کنفوژن چل رہی ہے، جبکہ ہم عوامی ایشوز کو ابہام کا شکار نہیں کرنا چاہتے،  جماعت اسلامی کسی اتحاد یا انتخابی اتحاد میں نہیں جائے گی، ہم کسی کے پلیٹ فارم پر عوامی ایشوز کے لئے جابھی سکتے ہیں اور بلا بھی سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا بجلی کے بلوں میں ریلیف ہوگا جبکہ ایم کیو ایم اور پی پی پی نے کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کراچی کا بیٹرا غرق کردیا ہے، ان آئی پی پیز اور سیاسی جماعتوں کا شیطانی اتحاد ہے اس کے علاوہ ہم فارم 45کے مطابق الیکشن کا نتیجہ چاہتے ہیں ہم نئے الیکشن نہیں چاہتے۔

متعلقہ خبریں