پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ پارٹی کے ارکان کو پنجاب کے گیٹ پر ہلڑ بازی کرتے شرم آنی چاہیے۔
وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ احتجاج کرنے کے لئے پورے پنجاب سے عہدیدار اور ہارے ہوئے لوگ اکٹھے کیے گئے ہیں، انکے اپنے اسمبلی ممبران انکے ساتھ نہیں ،فتنہ فساد پارٹی یہی کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کے ارکان نہیں بلکہ 9 مئی کے دہشتگرد ہیں، چار ماہ سے یہی ڈرامے بازی اور لچر پن ایوان کے اندر کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے اندر بیہودہ نعرے بازی اور گالم گلوچ کرنے والے وہی کچھ آج اسمبلی گیٹ پر کررہے ہیں، ہمیں ہاؤس چلانے کی ڈکٹیشن وہ لوگ دے رہے جنہوں نے چار سال ہاؤس ایک ڈکٹیٹر اسپیکر کے حوالے کیے رکھا۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اسپیکر بنتے ہی سب سے پہلے میری رکنیت معطل کی تھی، پنجاب کی تاریخ میں سب سے زیادہ معطلیاں انکے دور میں ہوتی رہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے چار سال انکی غنڈہ گردی اور ڈکٹیٹر شپ کو بھگتا ہے، ہمارے ارکان نے ہمیشہ تہذیب اور پارلیمانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر احمد خان نے جتنا ٹائم اور عزت انکو دی اسکی مثال نہیں ملتی، پنجاب کے عوام نے چار سال پنکی، گوگی اور بزدار گینگ کو بھگتا ہے، جب چابی والا کھلونا وزیراعلیٰ گونگا بن کر وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھا ہوتا تھا تب یہ لوگ اسکے آگے سرجھکائے بیٹھے رہتے تھے۔



















