صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی خود مختاری سے ملکی ترقی میں مدد ملے گی۔
آصف علی زرداری سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گروپ چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر صدر پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری کیلئے مالی خدمات، قرضوں تک رسائی بہتر بنانا ہوگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی، بینکنگ شعبے میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے، خواتین کی معاشی خودمختاری سے خاندانوں کی خوشحالی اور ملکی ترقی میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ کیلئے اقدامات کیے ہیں، حکومت ِسندھ نے مینگروو جنگلات لگائے، عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹس کی تجارت سے زرِمبادلہ حاصل کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ موسمیاتی شعبے میں سرمایہ کاری سے ماحولیات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
صدر ِمملکت نے زرعی شعبے، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں بالخصوص چھوٹے ڈیموں، بیراجوں اور پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بینک کسانوں کی زرعی ضروریات تک رسائی بڑھانے کیلئے مالیاتی خدمات اور قرضے فراہم کریں۔
وفد نے صدرِ مملکت کو پاکستان کی معیشت، بینکنگ انڈسٹری کی ترقی اور ارتقاء، ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں بینک کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔
صدر پاکستان نے بینک کو پاکستان میں کامیاب آپریشنز کے 160 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بینک نے ملک کے بینکنگ سیکٹر کے ارتقاء میں قابل تعریف کردار ادا کیا، امید ہے کہ بینک ملک میں اپنے آپریشنز کو وسعت دیگا اور پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔



















