لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبہ بھر کے پولیس افسران کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ایس ایچ اوز و دیگر افسران کو کڑی نگرانی کا ٹاسک دے دیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے محرم میں افسران کو اہل تشیع علماء کے گھر جانے اور عوام میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کے لئے گشت بڑھانے کی ہدایت دی۔
مریم نواز نے بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر اچھی ساکھ والے اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی حکم دیا اور پولیس افسران کو اپنی فرنٹ لائن فورس قرار دیدیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ اوز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے، صوبے میں پولیس کا کردار سب سے اہم اور ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احساس ذمہ داری بیدار ہوجائے تو کارکردگی خودبخود بہترہوجاتی ہے، بچوں، خواتین اور کمزور طبقات پر ظلم دیکھ کر پریشان ہو جاتی ہوں۔



















