Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جولائی 2024 سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے

ملک بھر میں جولائی 2024 سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے۔

پاور ڈویژن اعلامیے کے مطابق بجلی کے نئے ٹیرف زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل پر تھوڑا سا اثر ڈالیں گے، جبکہ بجلی کے بلز میں کم سے کم اضافہ کیلئےحکومت 440 ارب کی سبسڈی دے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک کروڑ 68 لاکھ یا 58 فیصد غریب گھریلو صارفین کے لیے اضافہ 2 فیصد سےکم ہوگا، نسبتا امیر 42 فیصد صارفین کے لیے اوسطاً 9 فیصد اضافہ ہوگا۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق معیشت بہتر ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی توقع ہے، جبکہ جنوری 2025 تک تمام صارفین کے لیے بجلی کےنرخ جون 2024 کے مقابلے اوسطاً 3 فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق بجلی شعبے کے مقررہ 75 فیصد لاگت کے پیش نظر فکسڈ چارجز کا اجرا ضروری تھا، اس کے علاوہ ملکی صنعت کے فروغ کیلئے صنعتی شعبہ سے 150  ارب کا بوجھ کم کر دیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے صارفین پر 6 سو ارب کا بوجھ پڑے گا، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا ہے، بجلی  کی قیمتوں میں اضافہ رواں مالی سال 2024 کے لیے کیا گیا ہے۔

بجلی صارفین کے لیے نرخوں کے نئے سلیب بھی جاری کر دیئے گئے جس کے مطابق ہر سیلب سے 1 یونٹ بھی اوپر بجلی کے استعمال پر تمام یونٹ پر نیا ریٹ لاگو ہو گا۔

بجلی کے گھریلوں صارفین کے لیے کم از کم نرخ 23 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقررکیے گئے ہیں، اس کے علاوہ  6 ماہ مسلسل 2سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے 26روپے 11 پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے جبکہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 23 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

اسی طرح 200  یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 25 روپے 53 پیسے،201  سے 300 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 29روپے74 پیسے، 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے پر بجلی کے نرخ 32 روپے 98 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

401  سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 34 روپے27 پیسے فی یونٹ ادا کریں گے، جبکہ 501  سے 600 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 35 روپے 64 پیسے فی یونٹ مقررکیے گئے ہیں۔

601  سے 700 یونٹ استعمال کرنے پر 36 روپے 96 پیسے فی یونٹ ادا کرنے ہوں گے اس کے علاوہ 700 یونٹ سے  زائد بجلی استعمال کرنے پر بجلی کا ریٹ 41 روپے 69 پیسے فی یونٹ ہو گا۔

کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نئے نرخ 41 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نئے نرخ 30 روپے، جبکہ زرعی صارفین کے لیے بجلی کے نئے نرخ 22روپے85 پیسے فی یونٹ تک مقررکیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں