وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب ہونہار میرٹ اسکالر شپ پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہونہار اسکالر شپ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری اور 8 منتخب پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی 100 فیصد فیس اسکالر شپ سے ادا ہوں گی، اس کے علاوہ جہلم، وہاڑی او ر بہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کے فوری قیام کی منظوری بھی دے دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے لیپ ٹاپ اسکیم کے فوری اجراء کے لئے بھی ہدایات جاری کیں، اس کے علاوہ طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ جاب مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لئے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ پر کرنے کیلئے فول پروف سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر سرکاری کالجز میں نئی بسوں کی فراہمی کا پلان پیش کیا گیا اس کے علاوہ اجلاس میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹیوں کے قیام کی سفارشات کاجائزہ بھی لیاگیا جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کو یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے حکومتی سطح پر سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں نجی یونیورسٹیو ں کے امور کاجائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کی وزارت کمیٹی قائم کرنے، اس کے علاوہ تعلیمی بورڈز کے امور میں ریفارمز کے لئے پنجاب بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب کے 90 کالجز میں ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ فری کلاسز کے کامیاب پروگرام پر وزیراعلی مریم نواز نے اظہارمسرت کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کیلئے کالجز میں مفت ایم ڈی کیٹ او رای کیٹ کلاسز کا دائرہ کار بتدریج بڑھایاجائے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کے فروغ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی جائیں، جس سے ہائرایجوکیشن میں پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک کار سے دوردراز علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز نے صوبائی وزیر رانا سکندر حیات اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام موجود تھے۔



















