Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے پیش نظر حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے رودکوہیوں کے خطرے کے پیش نظر ڈی جی خان ایڈ منسٹریشن کو ضرور ی اقدامات کرنے اور نکاسی آب کے لیے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا زکو متحرک رہنے کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں، بارشوں کے پانی کے نکاس تک متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک جمع نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور دیہی علاقوں میں پیشگی مال مویشیوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں، سیلابی صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ارکان اسمبلی ممکنہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کرنٹ لگنے کے حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی پھیلائی جائے، شہریوں سے اپیل ہے کہ چھوٹے بچوں کو ننگی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بروقت شروع کی جائیں۔

متعلقہ خبریں