میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمارے کام کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے پروگرام بس بہت ہوگیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست پہلے ایم کیو ایم نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنی مون کے لیے نکاح کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم اور پی پی کا نکاح نہیں ہوا، ایم کیو ایم وفاق کا حصہ ہے، پی پی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا ایم کیو ایم نے کیا حال کیا تھا سب کو پتا ہے، کراچی والے اب ایم کیو ایم والوں کو اپنانے کو تیار نہیں، کراچی شہر میں اب بدمعاشی نہیں ہوسکتی۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا تھا، یہ کریڈٹ ملنا چاہئے کہ پی پی نے امن و امان بحال کیا ہے، الیکشن میں پی پی کراچی سے سیٹیں نکالنے میں کامیاب ہوئی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمارے کام کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا، ایم کیو ایم سے پوچھا جائے 300 ارب کہاں لگائے؟ بارش کا پانی سڑک کو بہا لے جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیوریج کا نظام ٹھیک ہوگا تو سڑکیں ٹھیک رہیں گی، کے ایم سی اب ہمارے پاس ہے، آلائشیں اٹھانے پر تنقید نہیں ہوئی۔



















