وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کا تاریخی اجراء کردیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے تقریباً 28 ہزار بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ 55 ارب روپے کے اس منصوبے کا 70 فیصد وفاقی جبکہ 30 فیصد بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔
وزیرِاعظم نے کوئٹہ میں اپنے ایک روزہ دورے کے دوران بلوچستان کی کابینہ سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزراء، گورنر و وزیر اعلی بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے مابین زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن معاہدے پر دستخط کی تقریب آج کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلی بلوچستان کو زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کے منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسان خوشحال ہوگا اور قابل کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا، اس کے علاوہ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسانوں کو پورا دن پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت ہرسال بجلی کے بِلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سبسڈی کی مد میں 70سے 80 ارب روپے مہیا کرتی رہی مگر پھر بھی کسانوں کو صرف 2 سے 6 گھنٹے بجلی میسر ہوتی تھی جبکہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن سے یہ دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم کر رہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ دنیا بھرمیں شمسی توانائی سے کم لاگت ماحول دوست بجلی بنائی جا رہی ہے، جبکہ ملک بھر میں شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی کیلیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے خطاب میں کہا کہ وفاق بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا، اس کے علاوہ چین میں سرکاری وظائف پر زرعی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء میں بلوچستان کے 10 فیصد سے زائد طلباء کا کوٹہ رکھا ہے۔
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ چین میں ہواوے کے تحت تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں تربیت میں بھی بلوچستان کے طلباء کیلئے 10 فیصد اضافی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اعلی تعلیم یافتہ ہوں گے تو وہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ بلوچستان کے مسائل کا حل مل بیٹھ کرکریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کو تمام مسائل حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں،جبکہ بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرکے اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیرِ اعظم نے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بلوچستان کیلئے وفاقی حکومت نے دانش اسکولوں کے قیام کے لیے حالیہ بجٹ میں فنڈز مختص کر دیئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دانش اسکولوں کو صوبے کی ڈویژنل سطح تک وسعت دی جائے تاکہ اس سے پورے صوبے کے طلباء مستفید ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ امید ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں پوری صوبائی کابینہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں مزید کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم کے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے دوران بلوچستان کی صوبائی کابینہ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو صوبے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی خوشحالی اور یہاں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے ایک روزہ دورے پر کوئٹہ میں موجود ہیں۔
کوئٹہ پہنچنے پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل و وزیر اعلیٰ سرفراز احمد بگٹی بلوچستان کی ملاقات ہوئی۔
گورنر بلوچستان نے وزیرِ اعظم کی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی پر انکا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور امن و امان کی صوتحال سے بھی آگاہ کیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم سے وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
وفاقی وزراء جام کمال خان، اعظم نذیر تارڑ سردار اویس خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِ اعظم دورے کے دوران کوئٹہ میں بلوچستان کے کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی اور بلوچستان حکومت کی جانب سے ایک تاریخی پیکیج کا بھی اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 29 ہزار سے زائد ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ گزشتہ 10 سال سے زیر التوا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے زرعی شعبے کو زبوحالی سے بچانے کے لئے وفاقی حکومت کے سامنے یہ معاملہ رکھا تھا۔



















