وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا ہجری سال ہمارے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نیا ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم اور عالم اسلامی کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ نئے ہجری سال پر نبی پاکﷺ کی زندگی اور اُن کی تعلیمات سے سبق حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ تمام مسلمان معاشرے میں ہمدردی، انصاف، اتحاد اور رواداری کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کا عہد کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسولﷺ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے عظیم ساتھیوں کی قربانی کی یاد دلاتا ہے، جبکہ معرکہ کربلا ظلم کے مقابلے میں غیر متزلزل جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی مثال ہے۔
مریم نوازشریف نے نئے سال کے آغاز پر مزید یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ نئے ہجری سال میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی نصیب فرمائے، اس کے علاوہ اسلامی سال نو کے آغاز پر بھائی چارے کے جذبے کو اپنائیں اور ایک دوسرے کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کا عہد کریں۔



















