Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجلی کی اووربلنگ سے متعلق ہوش ربا تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس پر بجلی کی اووربلنگ سے متعلق ہوش ربا تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

پروٹیکٹڈ صارفین کو اضافی یونٹس ڈال کر اضافی بلوں کی وصولی سے متعلق پاور ڈویژن کی ہدایت پر نئے بلنگ سسٹم سے لاکھوں صارفین کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے بلنگ سسٹم سے 3 لاکھ 26 ہزار 350 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکلے، بجلی کمپنیوں میں “پروریٹا بلنگ سسٹم” کے نفاذ سے لاکھوں صارفین اووربلنگ کا شکار ہوئے جبکہ نئے بلنگ سسٹم سے 10 ڈسکوز کے 3 لاکھ 26 ہزار 350 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکلے۔

پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق وزارت توانائی کے حکم پر ڈسکوز نے پروریٹا بلنگ سسٹم شروع کیا، سسٹم پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے کنسلٹنٹس کے ذریعے نافذ کروایا گیا، پروریٹا سسٹم اووربلنگ ہی روکنے کے لئے تیار کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے نفاذ سے لاکھوں صارفین کو ایوریج بلنگ کا سامنا کرنا پڑا، سافٹ ویئر نے بلنگ سائیکل کے 30 دن پورے کرنے کیلئے اضافی یونٹس چارج کیے جبکہ پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکلنے سے 3لاکھ 26 ہزار 350  صارفین کو جون میں دگنے بل ادا کرنے پڑے۔

ذرائع کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 66 ہزار 447 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکلے، گیپکو کے 63 ہزار 265، میپکو کے 62 ہزار 765 صارف متاثر ہوئے جبکہ لیسکو کے 49 ہزار753 صارف پروٹیکٹڈ کیٹگری سے باہر ہوگئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فیسکو کے 27ہزار 654، حیسکو کے 26 ہزار 800 صارف متاثر ہوئے، ٹیسکو کے 11 ہزار 631، سیپکو کے 11 ہزار 129 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے باہر ہوئے جبکہ  کیسکو کے 6 ہزار12، آئیسکو کے 827 صارفین پروٹیکٹڈ کیٹگری سے متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی مدد سے معاملہ کی مزید چھان بین جاری ہے، اس سے قبل نیپرا اتھارٹی نگران دور حکومت میں بھی ڈسکوز کی اووربلنگ پر تحقیقات کر چکی ہے۔

نیپرا نے اوور بلنگ کا ذمہ دار ڈسکوز کو قرار دیا، کارروائی کیلئے سخت اقدامات بھی تجویز کیے جبکہ نیپرا رپورٹ اور تحقیقات کے بعد احکامات پر عملدرآمد یقینی نہ بنایا جا سکا۔

متعلقہ خبریں