Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے سابق کرکٹرز کی ملاقات

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے سابق کرکٹرز نے طویل ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سابق کرکٹرزنے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے تجاویز دیں، اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات بھی پیش کیں۔

ملاقات میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کاانفراسٹرکچر بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

سابق کرکٹرزنے ونٹر سیزن کے ساتھ سمرسیزن میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز دی، اس کے علاوہ اسلام آباد، پشاوراور دیگر شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز بنانے کی سفارشات پیش کی گئیں، جبکہ 4  روزہ میچز اور انڈر 19 کے ٹورنامنٹس کرانے پربھی اتفاق رائے کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سابق کرکٹرزنے پاکستانی کوچز کے معیار اورسلیکشن کمیٹی کے اراکین پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اس کے علاوہ پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

سابق کرکٹرزنے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے، امید ہے کہ کرکٹ کو بھی آپ بہتر بنائیں گے۔

دوسری جانب محسن نقوی نے سابق کھلاڑیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے آپ کے ساتھ مشاورتی عمل کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کرکٹ کی بہتری کیلئے جو کچھ کرسکتے ہیں کرگزریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 4 روزہ میچوں اورانڈر 19 ٹورنامنٹس پر فوکس کیا جائے گا، اس کے علاوہ پاکستانی کوچز کا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے، جبکہ کوچز کا معیار بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

 چئیرمین پی سی بی نے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ کرکٹ کا سمر سیزن ایبٹ آباد یا ہنزہ پر منعقد کرانے کا پلان بنایا ہے، جبکہ کمرشل ازم بڑھ گیا ہے اسی لیےڈیپارٹمنٹس کرکٹ پر سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لیتے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کیلئے گراونڈز پی سی بی خود لے رہا ہے، پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں گے، انشاءاللہ سب کی مشاورت سے کرکٹ کو نچلی سطح سے بہتر بنائیں گے۔

 چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام تجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویزپرعملدرامد کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی سے ملاقات کرنے والے کرکٹرز میں انتخاب عالم، سیلم الطاف، سکندر بخت، اقبال قاسم،  ہارون رشید، صادق محمد، شفیق پاپا، سیلم یوسف،  یاسر حمید، یاسرشاہ، ۔سرفراز احمد، اعجاز احمد، باسط علی، وجاہت اللہ واسطی، عاصم کمال، محمد سمیع،  راشد خان، عامرملک،  شفقت رانا،  عبدالروف،  سلمان بٹ، اظہرخان اور اظہر محمود شامل تھے۔

ملاقات کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹرزندیم خان، عثمان واہلہ، عبداللہ خرم نیازی، انالسٹ بلال افضل اور دیگر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

متعلقہ خبریں