Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اقوام متحدہ افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پائیدار حل کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی کی ملاقات ہوئی جس میں یو این ایچ سی آر کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کا حوالہ دیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ افغان مہاجرین کی انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عالمی برادری افغان مہاجرین کی اتنی بڑی آبادی کی میزبانی کرنے سے پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے اور عالمی برادری مسئلے کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے یو این ایچ سی آر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کی محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے۔

دوران ملاقات اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کو مثالی مہمان نوازی کے لیے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر 7 سے 9 جولائی 2024 تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔

متعلقہ خبریں