وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے برطانوی ماہرتعلیم سرمائیکل باربر کی ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ میں فائیوکی ایریا، تعلیم، صحت، ائیرکوالٹی، سالڈویسٹ منیجمنٹ اورریونیو موبلائزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے”سی ایم ویژن 2030″ پر بھی گفتگو کی جبکہ شعبہ تعلیم اور صحت میں گورنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلی ایشن کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ معیارتعلیم بہتر بنانے کیلئے جدید طریقہ کار کے نفاذ پر بھی گفتگوکی گئی۔
دوران میٹنگ سرمائیکل باربر نے کامیاب تعلیمی ماڈلز پراپنے مشاہدات اورتجربات سے آگاہ کیا اس کے علاوہ نئی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ کے لیے انتظامی اورلاجسٹک اقدامات کا جائزہ لیا۔
سرمائیکل باربر نے عصری تعلیم کی فراہمی کیلئے اساتذہ کی ٹریننگ اور کلاس رومز میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز پیش کیں اور تعلیمی اصلاحات کیلئے پنجاب حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔
مریم نواز نے کہا کہ سرمائیکل باربر جیسے ماہرین کا تعاون ہمارے تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے معاون ہو گا، جبکہ پنجاب کے نیوایجوکیشن اسٹرکچرکیلئے ایجوکیشن پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت تعلیمی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، اس کے علاوہ طلبہ میں تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور ڈیجیٹل خواندگی کو نصاب میں شامل کیا جائے گا۔
ویڈیو لنک میٹنگ میں سینئر وزیرمریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال شریک تھے۔



















