آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کو سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 24 سالہ اسامہ بن ارشد کو آبائی علاقے راولپنڈی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نماز جنازہ اور تدفین میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے سوگواران میں والد، والدہ، ایک بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں۔



















