وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کردی۔
فلڈ الرٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریاؤں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے اعداد و شمار شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، مری، فیصل آباد، لاہور، جہلم، حافظ آباد، گجرات اور سیالکوٹ میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ 15 جولائی تک صوبے بھر میں مون سون بارشیں ہونگی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 53 فیصد، تربیلا میں 72 فیصد ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 34 فیصد تک ہے۔ ولنرایبل اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانولہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ندی نالوں اوردریاؤں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے۔ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔



















