امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، آئین و قانون کی بحالی کی تحریک پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کاخیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہئے، فارم 45 کی بنیاد پر قومی و صوبائی کی نشستیں بھی ملنی چاہئیں۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی، آئین کی بالادستی کے لیے سپریم کورٹ ججز کا نام تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔



















