لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کو سمجھنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ہی ہماری سرمایہ کاری اور اثاثہ ہے، نوجوانوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کے لیے درکار مہارتوں سے روشناس کرنا چاہیے، پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے لیے نوجوانوں کےلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ناگزیرہے، چیف منسٹر اسکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد بتدریج 40 ہزار کرینگے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ طلبہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مڈل ٹیک، میٹرک ٹیک اور انٹر میڈیٹ ٹیک متعارف کروا رہے ہیں، پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کے لیے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔



















