پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا بڑا بیان سامنے آگیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سیاسی قوتوں کیخلاف طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں ہے، طاقت کے استعمال سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا، ادارے آئین کے مطابق طے شدہ دائرہ کار میں سمٹ جائیں تو ملک سنبھل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور حلقے جتنا جلد اس حقیقت کو سمجھ جائیں گے، ملک اور خود ان کیلئے بہتر ہوگا، مقتدرہ تسلیم کرلے کہ موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوچکا ہے، سارے مسائل کا حل ملک میں ازسرنو شفاف انتخابات کرانے میں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی پر پابندی لگانے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام شواہد مدنظر رکھ کر وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر کیس کرے گی، بہت مضبوط شواہد ہیں جس کی بنیاد پر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔



















