وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حق اور باطل کی لڑائی میں اپنے اور اپنے رفقاء کی جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جبکہ باطل مٹنے کے لئے ہے، آج کے دن پیش آیا المناک واقعہ ہر مومن کے دل پر نقش ہے اور سچائی اور انصاف کے لئے دی گئی قربانی کی لازوال یادگار ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسے امام حسین رضی اللہ عنہ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات اور استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امتِ مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے، ” اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے گئے انہیں مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں، رزق پارہے ہیں ” (سورۃ آل عمران، 3:169)۔ یہ آیت قربانی کے اس جذبے کو بیان کرتی ہے جس کا مظاہرہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ فلسطین کے لوگ ایک عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رے ہیں اور بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ فلسطین کے لوگ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس مشکل وقت میں یہ بہت ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کے لئے معصوم افراد کو نشانہ بنانا ہے، آج کے دِن ہمیں اس بات کا تجزیہ کرنا چاہیے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے خود غرضانہ مفادات کے لئے ہمارے معاشرے کے وجود اور اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں وطنِ عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی و دیگر اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثار و قربانی، مساوات،رواداری،اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں اور آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ اللہ تعالی سے دعاء ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے اور اسلام و پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشش کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری قوم کو ہر قسم کے شر اور مشکلات سے نجات دلائے۔



















