وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے یوم عاشورہ پر سیکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
مریم نواز نے صوبہ بھر میں سیکیورٹی صورتحال پر ہر گھنٹے بعد رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے وزرا اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کوضلعی ، ڈویژنل اور صوبائی کنٹرول روم کے دورے کرنے کی ہدایت دی۔
وزرا اور متعلقہ افسران کو تمام جلوس ختم ہونے تک فیلڈ میں مانیٹرنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظت پر مامور سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے، یوم عاشور میں پر امن وامان کا قیام ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی ناگزیر ہے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان کو ساتھ رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں، سیکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔



















