لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے پنجاب کے تمام شہروں میں ماڈل بازار بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹاؤن شپ آپ گریڈیڈ ماڈل بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی میں کمی آئی، عوام پر ٹیکس لگتا ہے تو ہمیں زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل مہنگے ہوئے، اس لیے پنجاب میں سولر منصوبہ لے کر آئے، پاکستان کی تاریخ کا سب سےبڑا سولر پراجیکٹ لارہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ماڈل بازار میں پلاسٹک بیگز کا استعمال نہیں ہوگا، منہگائی کے دورمیں ماڈل بازار میں سستی اشیاء مل رہی ہیں، پنجاب کے تمام شہروں میں ماڈل بازار بنائیں گے، رعایتی نرخوں پر جتنا ممکن ہوسکتا تھا اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی۔
انکا کہنا تھا کہ ماڈل بازار کو لوگوں کے لیے ایک ماڈل بنا کر پیش کیا، بازار میں آئے لوگوں نے ماڈل بازار کی تعریف کی، آپ نے بہت اچھے انداز سے ماڈل بازاروں کو چلایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک شخص کہتا تھا عوام کے لیے آلو، پیاز کے ریٹ معلوم کرنے نہیں آیا، گزشتہ 4 سال میں معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو واپس لانے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے، سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کوری رائٹ کیا، ججز نے وہ فیصلہ دیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جب ملک ترقی کرتا ہے تو اسے نظرلگ جاتی ہے، چند افراد کا ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلہ کرتا ہے ترقی رک جاتی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش نہیں تو کیا ہے؟



















