اسلام آباد: سپریم کورٹ کے تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا آج سے آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات آج دوپہر ایوان صدر میں ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آج پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے، صدر آصف علی زرداری بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، عطاءاللہ تارڑ، عرفان قادر، احمد چیمہ اور سردار ایاز صادق مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل منصور اعوان کیس سے متعلق صدر مملکت آصف علی اور ارکان کو بریف کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی پر پابندی اور تین رہنماؤں پر آرٹیکل 6 لگانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیں گے۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، شیری رحمان، نیئر بخاری مذاکرات میں شریک ہوں گے۔



















