اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل نو کردی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر تجارت اور وزیر اطلاعات کو کابینہ کمیٹی کا رکن بنادیا گیا ہے جس کے بعد کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی ارکان کی تعداد 12 سے بڑھ کر 15 ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی کے چیئرمین خود ہیں، تاہم کمیٹی ایس آئی ایف سی ارکان میں خزانہ، دفاع، منصوبہ بندی اور آئی ٹی کے وزراء شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پاور، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، آبی وسائل، قانون و انصاف کے وزراء بھی کمیٹی ارکان کا حصہ ہیں جبکہ سرمایہ کاری،صنعت اور پیٹرولیم کے وزراء بھی کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی ارکان میں شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آرمی چیف، صوبائی وزراء اعلیٰ، نیشنل کوآرڈینیٹر کو اجلاسوں میں خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے27 مئی 2024 کو کابینہ کمیٹی ایس آئی ایف سی تشکیل دی تھی۔



















