پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بعض مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز بنوں واقعہ پر سیاست کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والوں کے منفی عزائم سے عوام باخبر ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بنوں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں، واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ نے تمام مصروفیات چھوڑکر بنوں کے معاملات پر توجہ دی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی روک تھام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح رہی، بنوں انتظامیہ مسلسل وزیر اعلیٰ کو آگاہ کررہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ اور سماجی عمائدین پر مشتمل کمیٹی کے مذاکرات چل رہے ہیں، مذاکرات کا عمل شروع ہوتے ہی بنوں میں امن بحال ہوا، سماجی عمائدین اور انتظامیہ پر مشتمل کمیٹی علاقے میں دیر پا قیام امن کو یقینی بنائے گی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سماجی عمائدین پر مشتمل کمیٹی کی جلد وزیر اعلیٰ سے ملاقات متوقع ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر قائم کمیشن بہت جلد واقعے کے حوالے سےانکوائری رپورٹ جمع کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی سے پہلے متاثر ہے اور کسی بھی بڑے سانحے کا متحمل نہیں ہو سکتا، عوام کی جان و مال کی حفاظت صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، عوام شدت پسندی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔



















