لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) میپنگ پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز بھی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔
دوران اجلاس انٹرنیشنل مارکیٹ میں اسکلڈ جاب کے لیے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا جبکہ لارج اسکیل کنسٹرکشن ڈیویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/آپریٹر کورس کی آؤٹ سورسنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے جبکہ گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لیے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا جبکہ پریکٹیکل ٹریننگ کے لیے ٹریننگ مٹیریل کی خریداری کے بجٹ کو بڑھانے اور ٹریننگ مٹیریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔
اس دوران اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔
ٹیوٹا کے نئے کورسز میں بلڈنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹورازم، ہاسپٹلٹی، انفارمیشن کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اسمبلنگ اور ریپیئرنگ شامل ہیں جبکہ فوڈ پروسیسنگ، بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ، ری نیو ایبل انرجی، سرجیکل انسٹرومنٹ کی پروفیشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی اور بے روزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لئے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں، پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کاماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے اسکلز ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ، سیکریٹری انڈسٹری احسان بھٹہ، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔



















