خیبرپختونخوا حکومت کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فارغ بیٹھا گورنر میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے خلاف نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں، فارغ بیٹھے گورنر کی یاداشت بھی بہت کمزور ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں لاقانونیت اس وقت عروج پر تھی جب وفاق اور یہاں آپ کی پارٹی کی حکومت تھی، آپ کی دور حکومت میں پشاور ٹو ڈی آئی خان سفر کرنا ممکن نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فارغ گورنر وہ دن بھول گئے جب وہ خود ڈی آئی خان سے پشاور کا سفربراستہ اسلام آباد کرتے تھے، فارغ گورنر عہدہ سنبھالنے کے بعد خیبرپختونخوا میں انوکھے بن بلائے مہمان بن چکے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر بغیر دعوت تقریبات میں شرکت کرنے سے پہلے اپنا نا صحیح عہدے کا لحاظ تو رکھیں، گورنر 12 سال تک مسلسل مسترد اور بے روزگار بیٹھنے کے بعد اب مجھے کام بتاؤ میں کیا کروں والا جن بن چکے ہیں۔
مشیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ فارغ بیٹھے گورنر کے پاس کرنے کو کام نہیں اس لیے الٹے سیدھے بیانات سے کام ڈھونڈ رہے ہیں، گورنر تین بار علی امین گنڈاپور سمیت تینوں بھائیوں سے شکست خوردہ شخص ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی سرکار نے فیصل کریم کنڈی کو صرف اور صرف خیبرپختونخوا میں ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کے لئے گورنر کا عہدہ دیا ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور انکے فضول باتوں پر کان نہیں دھرتے ہیں۔



















