ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی مشکل آسان کر دی ہے، اب شہری آن لائن لائسنس بنوانے کی سروسز سے مستفید ہو سکیں گے۔
اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ آن لائن سروسز شہریوں کیلئے آسانی کی ایک کوشش ہے، جس کے ذریعے سے شہری گھر بیٹھے اپنا فریش لرنر پرمٹ، رینول لرنر پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہری آن لائن گمشدہ لائسنس اور لائسنس کی تجدید کروا سکتے ہیں، اس کے علاوہ شہری گھر بیٹھے اپنے انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید بھی آسانی کیساتھ کروا سکتے ہیں۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ عوام پنجاب پولیس ایپ کے ذریعے بھی اب لرنر لائسنس بنوا سکتے ہیں، صوبے میں 737 پولیس اسٹیشنز، فرنٹ ڈیسک، پیٹرولنگ پوسٹوں پر بھی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا کہ شہریوں کی خدمت مراکز پر بےحد رش کی وجہ سے آن لائن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



















