حکومت سندھ نے منشیات کے خلاف فیصلہ کُن کارروائیوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے افسران کا اہم اجلاس ہوا۔
شرجیل انعام میمن کو اجلاس میں صوبے بھر میں منشیات کے خلاف آپریشنز اور جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
سینئر وزیر کی جانب سے نارکوٹکس کنٹرول افسران کو منشیات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت اور فیصلہ کُن کارروائیوں کی ہدایت دی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لئے ناسور بن چکے ہیں، ان کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا، شہروں خواہ دیہی علاقوں میں منشیات کے سپلائی اور استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، جو بات تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف ہر چھوٹے بڑے شہر میں فیصلہ کُن، سخت اور موثر کارروائیاں کی جائیں، پولیس بھی ایکسائز ٹیموں کی معاونت کے لئے ہر وقت تیار رہے گی، منشیات کے خلاف حکومت سندھ کی پالیسی زیرو ٹالرنس پر مبنی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث کسی بھی مجرم کے ساتھ کوئی بھی نرمی نہیں برتی جائے گی، مقدمات کی پراسیکیوشن کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ منشیات فروش اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ بین الصوبائی سرحدی علاقوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے، حکومت سندھ منشیات کے خلاف بہتر سے بہتر نتائج چاہتی ہے۔



















