Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

آصف علی زرداری سے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میردوف کی ملاقات ہوئی۔

صدر مملکت نے ترکمانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

انہوں نے ترکمانستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں کا تبادلہ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی باہمی خواہش کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکمانستان کو گوادر بندرگاہ  کو علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے فائدہ اٹھانا چاہیے، ترکمانستان کے طلباء پاکستان کے طبی اداروں سے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک میں تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر ترکمان وزیر خارجہ راشد میردوف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، ترکمانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کا فروغ جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ نے دونوں برادر ممالک کو ملانے کیلئے موٹر ویز اور ریلوے کی تعمیر پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں