Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن اخراجات اور گوشوارے کی تفصیلات نہ دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن اخراجات اور گوشوارے کی تفصیلات نہ دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سابق اسمبلیوں کے ارکان اور دس سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے کے معاملے پر سماعت کی۔

کمیشن حکام نے کہا کہ سابق اسمبلیوں کے ارکان 12 اگست کو ریٹائرڈ ہو گئے تھے، مجموعی طور پر 37 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے۔

ممبر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سابق ارکان کیلئے گوشوارے جمع نہ کروانے پر قانون خاموش ہے۔

بلوچستان کے ممبر نے کہا کہ اگر سابق ارکان اسمبلی کے حوالے سے قانون خاموش ہے تو کمیشن کیا کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ ایسے ارکان کو انتخابات کیلئے نئے کاغذات نامزدگی جمع نہ کروانے دیے جائیں، دس سیاسی جماعتوں نے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے، قانون کے مطابق ایسی سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لے لیا جائے۔

ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ قانون کی کیا بات کرتے ہیں، قانون تو کہتا ہے کہ آزاد ارکان تین دن میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں، اب تو آزاد ارکان کو پندرہ دن دے دیے گئے ہیں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان اور سیاسی جماعتوں کو آخری موقع نہ دیتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی، پیپلز مسلم لیگ پاکستان، پاکستان عوامی راج، مو آن پاکستان، عوامی جمہوریہ پارٹی پاکستان، حق دو تحریک بلوچستان اور پاکستان پیپلز لیگ نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

متعلقہ خبریں