Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا انصاف صرف پی ٹی آئی کیلئے ہے، ہمیں انصاف کون دے گا؟ عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا انصاف صرف پی ٹی آئی کیلئے ہے، ہمیں انصاف کون دے گا؟

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےلاہورہائیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ٹویٹ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا ہے، آج میں انصاف کا دروازہ کھٹکھٹانے آئی ہوں، 9 مئی کی دہشت گرد 2 بہنیں ہیروئن بن گئیں، ان دہشت گرد بہنوں کومظلوم بناکرعدالتوں میں پیش کیاجاتاہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا عدالتوں سے صرف پی ٹی آئی کوانصاف ملےگا؟ مریم نواز، مریم اورنگزیب، ثانیہ عاشق اور میں بھی قوم کی بیٹی ہوں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ فیک نیوزجاری کرکے لوگ خود کو طرم خان سمجھتے ہیں، سوشل میڈیاپرمنفی پروپیگنڈا کیاجارہاہے، اس کے علاوہ مریم نوازکے خلاف نازیبا ویڈیوجاری کی جاتی ہیں، ویڈیو بنانے والے سمجھتے ہیں ہم ان ٹچ ایبل ہیں، مریم نواز کے وزیراعلی بننےسے خواتین میں تحفظ کا احساس ہوا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کو15منٹ میں درخواست فکس ہونے کے بعد انصاف مل جاتاہے، تعطیلات اور وقت گزرنے کے بعد تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں کیا یہ انصاف پی ٹی آئی کوملنا ہے یا کسی اورکوبھی ملے گا، عدالت سے اپنے تحفظ کی اجازت لینے آئی ہوں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ عدالتی وقتم ختم ہونے، تعطیلات میں بھی ایک پارٹی کی پٹیشنزلگتی ہیں، طے ہونا چاہیے کہ صرف ایک پارٹی کی خواتین قوم کی بیٹیاں ہیں یا دیگربھی ہیں؟

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ ایک جماعت نے طوفان بدتمیزی مچایا ہواہے، ہتک عزت قانون کی شقیں معطل کر کے جج صاحب چھٹی پر چلے گئے ہیں، ہم قانونی کارروائی کرتے ہیں مگر کارروائی آگے نہیں بڑھتی، نو مئی کی دہشت گردی کرنے والیوں کو انصاف مل سکتا ہے، میری لیڈر مریم نواز الزامات کے باوجود کام کر رہی ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک جماعت کی پٹیشنز کو سنا جاتا ہے مگر ہماری تعطیلات کے باعث درخواست نہیں سنی جاتی، ہتک عزت کا قانون انصاف کی فراہمی کے لیے بنایا گیا تھا، آج تک عمران خان یا بشریٰ بی بی کے بارے نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایف آئی اے کا نوٹس اگر آ جاتا تو معطل ہو جاتا ہے، ایف آئی اے نوٹس کے لیے اجازت لینے کے لیے آئے ہیں، نواز شریف کو ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر انصاف نہیں ملا جبکہ عمران خان پروٹوکول میں گاڑی عدالت کے سامنے تک آتے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں