Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں دفعہ 144 دہشتگردی کے پیش نظر لگائی گئی ہے، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144 دہشتگردی کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا، احتجاج اور دھرنے کے نام پر شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

 وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جو جماعت 2014 سے سڑکوں پر ہے تین دن گھروں میں آرام کرلے، تحریک انصاف کی سیاسی تاریخ سڑکیں اور چوک چوراہوں کے گرد ہی گھومتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان میں انتشار افراتفری اور ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہی دھرنا پارٹی کا ایجنڈا ہے، جبکہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے قیدی کا مشن دھرنوں کے ذریعے ہی اقتدار میں پہنچنا ہے، لیکن اب پہلے جیسی سہولت کاری دستیاب نہیں نہ ہی دھرنے کے لیے وہ فنانسر میسر ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آپ لوگوں کو اڑھائی گھنٹے والی بھوک ہڑتال ہی سوٹ کرتی 3 سے 7 والی ٹائمنگ بہتر ہے، دھرنا پارٹی کے پاس احتجاج اوردھرنے کے لیے خیبر پختونخواہ موجود ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچھ دن پہلے بنوں میں ہونے والے افسوسناک واقعے پرابھی بھی قوم کے بہت سارے سوالات موجود ہیں، جبکہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی بدقسمتی ان پر خرچ ہونے والا پیسہ اگلے پانچ سال تک دھرنوں اور احتجاج پر خرچ ہوگا۔

وزیراطلاعات پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ مریم نواز پنجاب کے عوام کو سستی روٹی، سستا آٹا، مفت ادویات دے رہی، جبکہ خیبر پختونخواہ کے عوام 11 سال سے انقلابی تقریریں اور ریاست مخالف پروپگنڈے سے پیٹ بھر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں