Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کوطرز سیاست بدلنا ہے تو 9 مئی پرمعذرت کرے، ناصرحسین شاہ

صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کوطرزسیاست بدلنا ہے تو 9 مئی پرمعذرت کرے۔

صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کوانتشار کی سیاست سے کنارہ کشی کرناہوگی، بدتمیزی، شدت پسندی سے دہشت گردی کوسپورٹ ملتی ہے۔

 ناصرحسین شاہ نے کہا کہ بطورپی ٹی آئی پی کے طورپرمیدان میں آئیں توان کامستقبل ہے، پی ٹی آئی پی کامطلب پاکستان تحریک انصاف پرامن ہے۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بنوں واقعےکے حقائق قوم کےسامنے رکھے، بنوں کنٹونمنٹ ایریا پرشرپسندوں نے حملہ کیا فائرنگ ہوئی،

ناصرحسین شاہ نے نیوز کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ بھارت ہمارادشمن ہے، افغانستان بھی جتناخیرخواہ ہےسب کوپتہ ہے، یہ ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں،ان سےکنارہ کش ہوناپڑےگا۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ آئی بی اے کے اسٹوڈنٹس سے کوئی ناانصافی نہیں ہوگی، جبکہ کچھ لوگ انہیں اکسارہے ہیں کہ احتجاج کریں، کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں انہیں دورکرنا پڑے گی، آئی بی اے کے طالبعلم تھوڑاصبرکریں روزگارضرورملے گا۔

بنوں میں پرامن مارچ کو پرتشدد بنایا گیا،بنوں میں شرپسند پھر فوجی تنصیبات کی طرف گئے، فوج کو کمزورکرنے کی کوشش ہو رہی ہے، جبکہ ڈیجٹل دہشت گرد انتشار کی سیاست کررہے ہیں۔

ناصرحسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے بل کا ٹیرف اب قابل قبول نہیں رہا ہے، بجلی کے بلوں میں ہوش رُبا اضافے سے عوام پر بوجھ پڑا ہے، چئیرمین بلاول بھٹو نے اس حوالے سے حکومت سے میں بات کی ہے، انشاءاللہ جلد بجلی کے بلوں میں کچھ کمی ہوگی۔ اس کے علاوہ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی کی جانی چاہیئے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، ایمرجنسی کی بات اس لیے ہورہی ہے کہ ادب کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ عدالت کے جب ایسے فیصلے آئیں گے تو ایسی افواہیں ہوں گی۔

 ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عدالتوں پراعتماد رکھتی ہے، لیکن پی پی کو عدالتوں سے کبھی انصاف نہیں ملا، جبکہ نو مئی کے واقعات میں جو ملوث ہیں ان کو سزائیں نہیں ملیں، نو مئی کی ویڈیوز ہیں ثبوت ہیں پھر بھی کچھ نہیں ہوا۔

متعلقہ خبریں