اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو قومی ترقی کا ہتھیار بنانا ہوگا۔
احسن اقبال نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈیجیٹل انقلاب کا دور ہے، ترقی کیلئے ڈیٹا کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشل سیٹلائٹ ٹیکنالوحی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، ویژن 2025 میں ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا، یونیورسٹی نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے گئے، آج دنیا میں پاکستانی نوجوان اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013 سے 2018 میں ہم نے تھری جی اور فور جی متعارف کرایا، چین کے ساتھ مل کر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی گئی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان ڈیجیٹل مردم شماری کرانے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہے، یہ اعداد و شمار تمام علاقوں کی ترقی کے لیے حکمت عملی تیار کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے ڈیش بورڈ بنانے پر بھی زور دیا۔



















