راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدے سامنے لائے جائیں، حقائق چھپا کر عوام کا خون چوسا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے راولپنڈی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بل کی قیمتیں بڑھا رہی ہے لیکن آئی پی پیز کے معاہدے سامنے نہیں لاتی، حکومت کی نااہلی کا عذاب پورا ملک بکت رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت کی بڑی بڑی گاڑیوں کا پیٹرول استعمال کررہے ہیں، مہنگے پیٹرول سے غریب عوام متاثر ہورہی ہے، ہم ان کے عیاشیوں کے لیے ٹیکس کیوں دیں، اگر یہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں فروخت کریں تو ملک کو اربوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکن نہیں لوگ بھاری بل بھی دیں اور بچوں کوبھی پڑھائیں، لوگ کھائیں، کرایہ دیں یا بل بھریں، پاکستان کے 98 فیصد لوگ بجلی کے بل نہیں بھر سکتے، یہ حکومت کی مجبوری نہیں، نالائقی اور کرپشن ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کاروباری افراد کیلئے حالات بہت مشکل ہوگئے ہیں، ان کی نااہلی عوام بوجھ کی صورت میں برداشت کررہی ہے، ملک میں مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے، حکومت کی ظالمانہ پالیسی ہیں، ظالمانہ پالیسی سے کاروبار بند ہورہے ہیں۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی کی بلوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، بجلی کے بل اتنے زیادہ ہوگئے کسی طبقے کیلئے ادا کرنا ممکن نہیں رہا، انکی نااہلی کا عذاب قوم برداشت کرتی ہے پھر کہتے ہیں ہم کچھ کرنہیں سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوچکا ہے، دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہورہی ہے، ہمارا دھرنا عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہے۔



















